نجف میں موجود مقامات مقدسہ

نجف اشرف کی سرزمین میں حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام، حضرت آدم علیہ السلام، حضرت نوح علیہ السلام، حضرت صالح علیہ السلام اور حضرت ہود علیہ السلام مدفون ہیں کہ جن کے مراقد ہر خاص و عام کے لیے زیارت گاہ ہیں۔

نجف اشرف میں دیگر بہت سے مقدس مقامات بھی ہیں کہ جن میں مقام امام زین العابدین علیہ السلام، مقام امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف، مقام محمد بن حنفیہ علیہ السلام اور مقام رقیہ بنت امام حسن علیہ السلام سر فہرست شمار ہوتے ہیں۔

کوفہ بھی نجف کا حصہ شمار ہوتا ہے اور کوفہ میں بہت سے مقدس مقامات موجود ہیں کہ جن میں حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام، حضرت ہانی بن عروہ علیہ السلام، حضرت میثم تمار علیہ السلام، حضرت مختار ثقفی علیہ السلام، حضرت خدیجہ علویہ علیہ السلام اور حضرت ابراہیم غمر علیہ السلام کے مزارات اور مسجد کوفہ اور مسجد سہلہ قابل ذکر ہیں۔

وادی السلام

نجف اشرف میں موجود وادی السلام کے نام سے جانا جانے والا شیعوں کا قبرستان دنیا کا سب سے بڑا قبرستان ہے یہ قبرستان عالمی ورثہ میں بھی درج ہے اس قبرستان میں کم و بیش ساٹھ لاکھ افراد مدفون ہیں یہاں پر دو طرح کی قبریں ہیں کچھ قبریں ہمارے ہاں کی طرح زمین کی ظاہری سطح پہ ہی  قبر کھود کر میتوں کو دفنانے سے وجود میں آئی ہیں ان قبروں کا  نشان قبر زمین سے تقریبا80سنٹی میٹر بلند ہیں  جبکہ کچھ قبریں  سطح زمین سے 5سے 8 میٹر گہرے تہہ خانوں میں قبر کھود کر میتوں کو دفنانے سے وجود میں آئی ہیں۔

اس قبرستان میں بہت سے انبیاءعلیھم السلام، اولیاء، علماء، حکمران، قبائلی سردار اور عام لوگ دفن ہیں۔

یہ قبرستان کسی خاص گروہ، فرقہ یا قوم کے لئے مختص نہیں ہے اس قبرستان میں جہاں لاکھوں شیعہ مدفون ہیں وہاں بڑی تعداد میں پوری دنیا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اہل سنت اور عیسائی بھی دفن ہیں۔